رائے ونڈ (نامہ نگار) بیرون تبلیغی مرکز بازار میں حجامہ کے نام پر عوام کی صحت سے کھیلنے والے عطائی محکمہ صحت کے قابو میں نہ آسکے ،سربمہر کی گئی دکانیں مختلف طریقوں سے کھول کر اپنا سازاسامان نکال لیا اور چوری چھپے بیماریاں پھیلانے کا دھندہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔نامعلوم مشکوک افراد نے تبلیغی مرکز کے اطراف میں حجامہ کروانے کی سنت پوری کرنے کے نام پر تبلیغی مندوبین کو بیدردی سے لوٹنا شروع کردیا ہے،عطائی حجامہ ساز بغیر حفاظتی اقدامات مندوبین کا حجامہ کرتے ہیں ،جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد جلدی امراض میں مبتلا ہوکر بیماریاں سمیٹ چکے ہیں ،محکمہ صحت نے تمام حجامہ سنٹروں کو مضر صحت قرار دیتے ہوئے سربمہر کردیا ،لیکن اس کے بعد سربمہر کئے گئے سنٹروں کے مالکان نے اپنی دکانوں کو آگے پیچھے سے نقب لگاکر اندر سے ضروری سامان نکال لیا اور ارد گرد نئے سرے سے کام شروع کردیا ہے ،تبلیغی مندوبین جو کہ حجامہ کے عادی بن چکے ہیں ،چوری چھپے حجامہ کروانے کے ان عطائیوں کو پہلے سے دوگنا سروس چارجز ادا کررہے ہیں ،اس سلسلے میں تبلیغی جماعت کے اکابرین نے اپنا مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
رائیونڈ: حجامہ کے نام پر عطائی متحرک ، سر بمہر دکانوں سے سامان نکال لیا
May 02, 2018