بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان نہیں‘ پارلیمنٹ سپریم ہو گی تو ترقی کرینگے‘ وزیراعظم: تنقید کرنیوالوں کو مناظرے کا چیلنج

May 02, 2018

اسلام آباد (خبرنگار+ صباح نیوز+اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے ہم نے ماضی میں ترقی نہیں کی تو اس کی صرف اور صرف ایک وجہ تھی ہم جمہوریت کے سفر سے ہٹ گئے اور ہم نے وقتی آمریت میں کوئی فائدے دیکھے اور اس کی طرف ہم چل پڑے، کبھی بھی کسی ملک نے جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں کی، پاکستان صرف اس وقت ترقی کرے گا جب ملک میں جمہوریت ہو گی۔ آئین کی بالادستی ہو گی، پارلیمنٹ سپریم ہو گی، ادارے اپنی حدود کے اندر کام کریں گے، اسی صورت میں ترقی ہو گی، کوئی اور طریقہ ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، گورنر خیبرپی کے،انجینئر اقبال ظفر جھگڑا،وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ،وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر فضل چوہدری، مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا افتتاح کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اس ائرپورٹ سے اسلام آباد‘ خیبرپی کے اور پنجاب کے بہت سے علاقے استفادہ کریں گے۔ ائرپورٹ کی تکمیل میں 12 سال کا عرصہ لگا ہے یہ کوالٹی ائرپورٹ جو پاکستان کے دیگر پورٹس کو سمت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا ہوائی سفر آج کوئی عیاشی نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ ائرپورٹ ملک میں معاشی ترقی کا بھی اظہار ہے۔ یہ ائرپورٹ اس بات کی عکاسی کرتا ہے گزشتہ پانچ سال میں پاکستان میں کیا ترقی ہوئی۔ یہ ائرپورٹ سی پیک منصوبہ کے درمیان واقع ہے۔ موجودہ حکومت نے وہ منصوبے مکمل کئے ہیں جو گزشتہ کئی برسوں سے جاری تھے۔موجودہ حکومت نے نئے منصوبے شروع کیے اور ان کو مکمل کیا ہے آج اس ائرپورٹ کا افتتاح ہو رہا ہے۔ ملتان ائرپورٹ کا افتتاح ہو چکا ہے پشاور اور کوئٹہ ائرپورٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ لاہور ائرپورٹ کی توسیع اس ماہ شروع ہو جائے گی۔ گوادر ائرپورٹ بھی رواں برس شروع ہو جائے گا۔ یہ تزئین وآرائش کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں آج کامیابی کے ماڈل دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ 1700 کلو میٹر طویل موٹر وے بھی ملک میں تعمیر کی جارہی ہے۔ پشاور سے کراچی تک ہائی وے تعمیر کی جارہی ہے۔ تمام صوبوں میں ہزاروں کلو میٹر طویل ہائی ویز تعمیر کی جارہی ہیں۔ ان میں مغربی اقتصادی راہداری بلوچستان کے راستہ تعمیر کی جا رہی ہے خصوصی اقتصادی زون تعمیر کیے جا رہے ہیں اور نظام میں 10400 میگا واٹ بجلی شامل کی گئی ہے۔ گیس کے نظام میں 30 فیصد توسیع دی گئی ہے اور آج ہم کہہ سکتے ہیں پاکستان میں ہر صارف کو گیس دستیاب ہے اور ہر صارف کو بجلی دستیاب ہے۔ ہمیں آپریشنل مشکلات کا سامنا ہے مگر یہ عارضی ہیں طلب و رسد کے فرق کو ختم کر دیا گیا ہے اور یہ مستقبل کے لئے معاملہ حل کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا حکومت میں ہوتے ہوئے کام کرنا بڑا مشکل ہے اور تنقید کرنا اور الزام لگانا بڑا آسان کام ہے۔ پاکستان کی آبادی 207 ملین ہے اور ہمارے ہاں 50 کے قریب ائر لائنز رجسٹرڈ ہیں جو پانچ سو یا ایک ہزار ہونی چاہئیں اور یہ ٹاسک سول ایوی ایشن اتھارٹی کو قبول کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ائر پورٹ علاقہ میں ترقی اور روزگار کا باعث بنے گا جبکہ ملک کو ترقی،تجارت اور سفر کے نئے مواقع میسر کرے گا لیکن یہ سب چیزیں جمہوریت کی بدولت آتی ہیں۔ میں اخباروں میں بھی پڑھتا ہوں بہت سے تجزئیے بھی آتے ہیں لیکن حقیقت صرف اور صرف یہ ہے ملک میں جمہوریت کا سفر آگے بڑھے۔ اس سے اس طرح کے منصوبے لگیں گے۔ اس سے معیشت ترقی کرے گی۔ روزگار کے مواقع ہونگے موجودہ حکومت نے تین فیصد سے کم گروتھ ریٹ پر ملک کو لیا تھا آج میاں نواز شریف کی محنت سے ان کے وژن سے یہ ائرپورٹ مکمل ہو رہا ہے۔ ترقی کا سفر جاری ہے اور چھ فیصدگورتھ ریٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو دے کر جا رہی ہے۔ نواز شریف نے وہ منصوبے مکمل کئے اور شروع کیے جن کی 65 سالہ ملکی تاریخ میں نظیر نہیں۔ میرا ماضی کی حکومتوں اور وہ تمام لوگ جو آج تنقید کرتے ہیں اور مختلف باتیں کرتے ہیں، ان کو چیلنج ہے ہم موجود ہیں، پارلیمنٹ سمیت کسی بھی فورم پر بات کر لیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے قومی معیشت کی شرح نمو کو 3 فیصد سے 6 فیصد بڑھایا ہے اور ترقی کا یہ سفر جاری ہے۔ ہم نے قومی معیشت کی ترقی کیلئے ایسے منصوبے بھی مکمل کئے ہیں جن کی 65 سال میں نظیر نہیں ملتی۔ ان میں موٹرویز، گیس، بجلی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت دیگر کئی شعبوں کے منصوبے شامل ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان نہیں، پارلیمنٹ سپریم ہو گی تو ملک میں ترقی ہو گی۔ خبر نگار کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے سب سے بڑے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا افتتاح کردیا ہے‘ جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ چار ہزاردو سواڑتیس ایکڑ رقبے پرمحیط ملک کا پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ پرکارگوٹرمینل، ایئرٹریفک کنٹرول کمپلیکس، آئل ڈپو اورآگ بجھانے کا جدید نظام بھی قائم کیاگیا ہے۔ ائرپورٹ کا ڈیزائن جدید طرز کا ہے جہاں ابتدائی طورپرسالانہ نوے لاکھ مسافروں اورپچاس ہزارمیٹرک ٹن کارگوکی آمدورفت کی گنجائش موجود ہے۔ جمعرات سے ہوائی اڈے سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ گزشتہ روز ایئربس پی کے 320 نے نئے ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جبکہ ایئرپورٹ سے پہلی پرواز ساڑھے بارہ بجے کراچی کے لئے روانہ ہوئی۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔ ائرپورٹ کو محفوظ بنانے کے لئے ائر پورٹ سکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جدید ترین لیزر سکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا، اس موقع پر تقریب میں ان کے ہمراہ وفاقی وزرا، سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔خیال رہے کہ اعلان کی گئی تاریخ سے دو دن قبل ہی اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح کیا گیا۔

مزیدخبریں