ماضی میں عام آدمی نظر انداز، روٹی، کپڑا، مکان کے نام پر دھوکہ دیا گیا: عثمان بزدار

لاہور+ شیخوپورہ +واربرٹن (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وار برٹن ضلع ننکانہ صاحب میں صنعتی کارکنوں کو رہائشی سہولتیں دینے کیلئے لیبر کالونی کا افتتاح کیا اور محنت کشوں میں فلیٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ نے فلیٹس کا دورہ کرکے صنعتی کارکنوں کو فراہم کی جانے والی رہائشی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کارڈ تقسیم کرکے ننکانہ میں صحت انصاف کارڈ سکیم کا بھی باقاعدہ آغاز کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی کیلئے 70 ایکڑ اراضی مختص کی جا چکی ہے اور یہ منصوبہ اگلے ترقیاتی بجٹ میں شامل ہوگا اور ننکانہ صاحب میں پولیس لائنز، جیل، نیا لینڈ ریکارڈ سنٹر اور نادرا سنٹر بھی بنائیں گے۔ ہر ضلع میں لیبر کالونی بنائیں گے۔ ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور رحیم یار خان میں 50، 50 بیڈز کے سوشل سکیورٹی ہسپتال بھی بنائے جائیں گے۔ غیرہنرمند مزدور کی کم از کم تنخواہ ساڑھے 16 ہزار اور ہنرمند مزدور کی کم از کم تنخواہ 17 سے 19 ہزار روپے تک کر رہے ہیں۔ وطن عزیز میں حکومتیں تو بدلتی رہیں مگر عام آدمی کے حالات نہ بدلے اوردوسروں کے گھر بنانے والا اپنی چھت کو ترستا رہا۔ماضی میں عام آدمی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا اورعام آدمی کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر دھوکہ دیا گیا اور70 سال گزرنے کے باوجود بھی مزدور اپنے حق سے محروم ہے تو یقینا ماضی میںکوتاہیاں سرزد ہوئیں۔تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے۔ عام آدمی کی حالت کو بدلیں گے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم لانے کیلئے شوکت خانم کینسر ہسپتال سے ایم او یو سائن ہو چکا ہے۔ ورکرز ویلفیئر گرانٹ کے تحت میرج گرانٹ ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے اورڈیتھ گرانٹ 5 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کر دی جائے گی۔ 65 سکولوں کے طلبہ کے والدین کو یونیفارم، جوتے اور سٹیشنری وغیرہ فراہم کرنے کی بجائے سمارٹ کارڈ کے ذریعے پے منٹ کی جائے گی۔ بچوں کو چائلڈ لیبر سے نجات دلائیں گے اورچائلڈ لیبر کے شکار بچوں کیلئے تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ کا اہتمام بھی کیا جائے گا ۔ محنت کشوں کو معاوضے کی ادائیگی میں صنفی امتیاز کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔پنجاب میںآن لائن پے منٹ سسٹم سے پنشنروں کو دفتروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد مزدوروں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے انشورنس سکیم لائی جا رہی ہے۔ واربرٹن میں لیبر کالونی کے افتتاح کے بعد عثمان بزدار کو صنعتی کارکنوں کی جانب سے صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان نیازی نے ڈیم فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے وزیراعلیٰ نے حملہ پسپا کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کی بہادری اور جرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

ای پیپر دی نیشن