واربرٹن+ شیخوپورہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ اب عمران خاں کی زندگی کا مقصد پورا ہونے کا وقت آگیا ہے۔ کسی منصوبہ میں کمیشن اور کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی۔ عثمان بزدار کے ساتھ لیبر کالونی واربرٹن میں اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حرام کھائیں گے نہ کھانے دیں گے اور کھانے والوں کو جیل جانا ہوگا۔ ننکانہ کے ساتھ گزشتہ ستر سالوں کے دوران وڈیروں نے جو سلوک کیا اس کے بارے کتاب لکھ رہا ہوں۔ ننکانہ سکھوں کی یاترا کیلئے بین الاقوامی شہر ہے اور وڈیرے سفید کپڑے پہن کردیہاڑی بناتے تھے۔ اب وہ وقت ختم ہوچکا ہے یہی وڈیرے ننکانہ کو ضلع نہ بنا سکے جو کام مجھے کرنا پڑا۔ اب ننکانہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائوںگا۔ اب پرانے مزے ختم ہوگئے ہیں۔ تھانہ کلچر کا خاتمہ ہورہا ہے۔ ننکانہ کی ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔