اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت انداز سے دیا جائے گا، 27فروری 2019کو دشمن کی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کی کامیاب جوابی کارروائی تاریخ میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے یاد رکھی جائے گی۔ ائر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ 264ویں ایئرسٹاف پریزنٹیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مجاہد انور خان نے کہا کہ 27فروری کو دشمن کی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی تاریخ میں آپریشن سوفٹ ریٹورٹ کے نام سے یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا موقع فراہم کیا ہم اس کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی ہمارے عزم و حوصلے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت کی ایک بہترین مثال ہے۔انہوں نے پاک فضائیہ کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کے جوان ان مشکل حالات میں فارورڈ آپریٹنگ بیسز پر اپنی ذمہ داریاں مثالی عزم و حوصلے، استقامت اور بہادری سے سرانجام دے رہے ہیں جبکہ آئندہ بھی دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر ایئر چیف نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیسز میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ٹریننگ اور فلائٹ سیفٹی میں بہترین کارکردگی کی ٹرافیاں پی اے ایف بیس شہباز کو دی گئیں،پی اے ایف بیس مصحف اسٹرونگ مین ٹرافی کا حقدار ٹھہرا، گراونڈ سیفٹی ٹرافی پی اے ایف بیس پشاور کو عطا کی گئی۔