مودی حجاب پر پابندی لگائیں‘ شیوسینا: مطالبہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے‘ اسد اویسی

May 02, 2019

ممبئی (آئی این پی) انتہا پسند ہندو جماعت شیو سینا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے قومی مفاد میں ہندوستان بھر میں برقعہ اور حجاب اوڑھنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ شیوسینا سابق ہندو انتہا پسند سیاسی رہنما بال ٹھاکرے کی جماعت ہے جو 2012 میں چل بسے تھے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق شیو سینا نے اپنی مراٹھی اخبار سامنا کے ایڈیٹوریل میں حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ انہیں رام کی سرزمین پر برقعہ اور حجاب پر پابندی لگا دینی چاہیے۔ شیو سینا نے اپنے ایڈیٹوریل میں حال ہی میں سری لنکا میں حجاب اور برقعہ پر لگائی گئی پابندی کی مثال دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں بھی قومی مفاد میں ایسا قدم اٹھایا جائے۔ حیدر آباد سے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا کے امیدوار اسد الدین اویسی نے ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے برقعہ پر پابندی کے مطالبے کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اسد الدین اویسی نے شیو سینا کے مطالبے کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشن کو نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ اسد الدین اویسی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی آئین ہند کے آرٹیکل 377 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لباس کی پسند ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے مطابق سپریم کورٹ اور آئین ہند کے مطابق بھارت کے ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی پسند کا لباس پہنے اور ہر کسی کی مرضی ہے کہ وہ برقعہ پہنیں یا گونگھٹ کریں یا وہ جینز پہنے۔

مزیدخبریں