لاہور(سپورٹس ڈیسک )سری لنکا کے انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے نوگوایریا بننے کا خدشہ پیدا ہوگیا جبکہ انگلینڈ نے ایک برس بعد کے ٹور کو ابھی سے منسوخ کرنے پر غور شروع کردیا۔ایسٹرپر کولمبو میں دہشتگرد حملے اور سینکڑوں افراد کی ہلاکت سے سری لنکا انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے نوگوایریا بن سکتا ہے، پہلے ہی یہاں پر کھیلنے والی مختلف ایج لیول کی غیرملکی ٹیمیں رخصت ہوچکی، پاکستان ٹیم کا انڈر 19 ٹور ملتوی کردیا گیا ہے۔اب انگلینڈ نے بھی ایک برس بعد شیڈول دورئہ سری لنکا کو منسوخ کرنے کیلئے ابھی سے غورشروع کردیا، ٹیم کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے2میچز کیلئے آئی لینڈز کا رخ کرنا ہے تاہم وہاں کی سکیورٹی صورتحال سے اس ٹور پر غیریقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔یہ دونوں میچز کولمبو میں ہی کھیلے جانے ہیں جہاں دہشتگردوں نے مختلف چرچ اور ہوٹلز پر حملے کیے، ان میں وہ 2 ہوٹل بھی شامل تھے جس میں انگلش ٹیم اپنے گذشتہ ٹورز کے دوران رہائش اختیار کرتی رہی ہے۔ برطانوی وزارت خارجہ کی جانب سے پہلے ہی اپنے شہریوں کو سری لنکا کے سفر سے گریز کی ہدایات جاری ہوچکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش بورڈ کسی بھی حتمی فیصلے پر پہنچنے سے قبل آئی لینڈز کی سکیورٹی صورتحال کی جانچ کرتا رہے گا،اس حوالے سے سکیورٹی ماہرین اور حکومتی رائے بھی حاصل کی جائے گی۔