لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر کڑی دھوپ میں ڈیوٹی کرنے والے افسران و اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے ہر سطح پر کوشش کر رہا ہوں،اور میں جانتا ہوں کہ بہترین تربیت کی حامل اس فورس کو اگر مالی و معاشی پریشانیوں سے چھٹکارہ مل جائے تو ان کی کارکردگی میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے ملتان اور ڈی جی خان میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس میںکرائم میٹنگ کی صدارت کی اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دے کر عزت کمانے کے لئے ہمارے پاس بہترین کارکردگی کے مظاہرے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے آئی جی پنجاب کے دورہ ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے موقع پر ملتان ، لودھراں ، وہاڑی اور میلسی کے پارلیمنٹیرین نے بھی ان سے ملاقات کی جن میںوزیر اعلیٰ پنجاب کے سپیشل اسسٹنٹ جاوید اختر انصاری اور صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر محمد اختر ملک سمیت محمد سلیم اختر لابر ، میاں طارق عبداللہ ، محمد قاسم لنگاہ ، میاں محمد شفیق آرائیں ، نذیر احمد خان بلوچ، محمد اعجاز حسین اورنگزیب خان کھچی شامل تھے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں ان سے رکن صوبائی اسمبلی محمد حنیف پتافی اور احمد علی دریشک نے بھی ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے اس موقع پر پارلیمنٹیرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینے اور صوبے میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے خود پنجاب کے تمام ریجنز کے دورے کر رہا ہوں۔
افسرو ں واہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہر سطح پرکوشش کر رہاہوں:عارف نواز خان
May 02, 2019