نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ نے کانگو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرتے پاکستانی امن دستے کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی ویڈیو جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو کے ذریعے کانگو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرتے پاکستانی امن دستے کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق پاکستانی امن دستے کے ارکان نے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں ہزاروں جانیں بچائیں،متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو پیٹھ پر اٹھا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ترجمان یو این کا کہنا تھا کہ پاکستانی اہلکاروں نے خطرات سے کھیل کر ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں۔جان بچانے اور امدادی کاموں کے بارے میں ویڈیو پاکستانی امن مشن کے اہلکاروں کی فرض شناسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی امن دستے کی کانگو میں امدادی سرگرمیوں کی ویڈیو آئی ایس پی آر نے جاری کی تھی۔
پاکستانی اہلکاروں نے خطرات سے کھیل کر کانگو میں ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں: اقوام متحدہ
May 02, 2020