بھارت نے بگلیہار ڈیم پر چناب کا مزید پانی روک لیا‘ دریا کا بڑا حصہ خشک

سیالکوٹ (نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے بھارت نے دریائے چناب کا مزید پانی روک لیا۔ ہیڈمرالہ کے مقام پردریائے چناب کے پانی کی آمد 20ہزار سات سو اٹھاون کیوسک ہوگئی۔ پانی کمی کی وجہ سے دریا کا بہت بڑا حصہ خشک ہو چکا ہے۔ جبکہ نہر مرالہ راوی لنک پانچ ہزار کیوسک اور اپر چناب کا سات ہزار چھ سو کیوسک ہونے کی وجہ سے سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ و دیگر اضلاع میں کسان اور کاشتکار ٹیوب ویلوں کا پانی فصلوں پر لگانے پر مجبور رہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آکر دریائے چناب میں شامل ہونے والے دودیگر دریائوں دریائے مناور توی کے ایک ہزار چھ سو باون کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کے تین ہزار اکیس کیوسک پانی کی وجہ سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد25ہزار چار سو اکتیس کیوسک رہی۔

ای پیپر دی نیشن