لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے ملاقات کی۔ میاں کاشف اشفاق نے فیصل آباد کے صنعت کاروں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا کنٹرول کیلئے 40 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ میاں کاشف اشفاق نے 2 چینی کمپنیوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو 35 لاکھ روپے مالیت کے ماسک اور ضروری سازوسامان دیا۔ عثمان بزدار نے مشکل کی گھڑی میں جذبہ خیر پر میاں کاشف اشفاق کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں فیصل آباد کے صنعت کاروں کا کورونا فنڈ میں عطیہ قابل ستائش ہے۔ پاکستان کے صنعتکاروں نے آزمائش میں ہمیشہ دل کھول مدد کی ہے۔ پنجاب حکومت نے بعض صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اوپن کی جانے والی صنعتوں کیلئے ایس او پیزپر عمل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ صورتحال بہتر ہونے پر مزید صنعتوں کو اوپن کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سی پیک کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے وزیراعلیٰ کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کے احتجاج کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار نے معذور نوجوان کو ملازمت دینے کا وعدہ پورا کردیا۔ دورہ چشتیاں کے دوران وزیراعلیٰ سے نواحی گاؤں بلال کوٹ کے ہاتھوں سے معذور نوجوان بلال احمد نے ملاقات کی تھی۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر بلال احمد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چشتیاں میں سرکاری ملازمت مل گئی۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا۔ جس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت لاہور میں صفائی کے نئے نظام کا جا ئزہ لیا گیا۔ نئے نظام کے تحت لاہور کو 6 زون میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت شہری علاقوں میں 4 زون جبکہ دیہی علاقوں میں 2 زون بنیں گے۔ گاڑیوں کے ذریعے گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا۔ شہری بیگ میں کوڑا کرکٹ ڈال کر گاڑیوں کو دیں گے۔ شہر میں پڑے کنٹینرزکی تعداد میں کمی کی جائے گی۔کوڑا کرکٹ جمع کرنے والی گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم لگے گا۔ کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کیلئے نئی لینڈ فل سائٹ بھی بنانے کی تجویز دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں صفائی کا مجوزہ ماڈل کو جلد سے جلد گراؤنڈ پر لایا جائے۔ صفائی کے نظام کے ساتھ سروس ڈلیوری کو بھی بہتر بنانا ہے۔ نئے نظام کے تحت پورا لاہور شہر کور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کیلئے نئی کتاب لانچ کردی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئی کتاب تیارکرنے پر صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس اوران کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ کتاب آسان اورکم وزن رکھی گئی ہے۔ کتاب میں اشکال کو اردو، انگلش کے ساتھ دیگر زبانوں کا ترجمہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
صورتحال بہتر ہونے پر مزید صنعتیں کھولیں گے: عثمان بزدار
May 02, 2020