اسلام آباد‘ لاہور(وقائع نگارخصوصی‘ نیوز رپورٹر) شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد کر دی اور کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی ناکافی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جا رہا، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پر تیل نہ خریدنے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے لٹر کرے کرونا سے پیدا شدہ غیر معمولی صورتحال میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کر کے عوام کو سہولت دی جائے، معاشی پیکج یا ریلیف نہیں تو کم ازکم تیل کی قیمتوں کا فائدہ تو عوام تک پہنچایا جائے۔حکومت پٹرول اور ڈیزل 50 روپے لٹرکرکے یکم مئی پر مزدوروں کو تحفہ دے سکتی تھی، دنیا میں آج بھی مزدور کے استحصال کا سلسلہ جاری ہے ، اس سال یکم مئی کرونا کے وبال اور معاشی زوال کے دور میں آیا ہے،کرونا اور معاشی بربادی کا سب سے زیادہ بوجھ مزدور برداشت کررہے ہیں۔دلی رنج ہے حکومت مزدور، دیہاڑی داروں کو ریلیف اور راشن نہیں پہنچاسکی، نوازشریف نے مزدور کی کم ازکم اجرت بڑھائی، صحت اور تعلیم کے اقدامات کئے۔حکومت بجلی اور گیس کی قیمت میں پچاس فیصد یا کم ازکم ایک تہائی کمی کرکے محنت کشوں کوریلیف دے سکتی تھی۔ہر خاندان، محلہ، علاقہ اپنے قریب مزدور، محنت کش اور مستحق افراد کی مدد کرے محنت کش کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیںمزدور اور محنت کش ہی دنیا کو سنوارنے کی بنیاد بنتے ہیں۔