اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ عمران خان کی زیرقیادت وفاقی حکومت قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے لئے مجوزہ نامزدگیوں کو مکمل طور پر نظرانداز کرکے پاکستان کی دلت یا شیڈیول کاسٹ کمیونٹیز کے خلاف انتھائی منفی امتیاز برت رہی ہے۔.اپنے جاری کردہ بیان میں سریندر ولاسائی نے کہا کہ پاکستان کی کل غیر مسلم آبادی کا تقریباً نصف شیڈیول کاسٹ کمیونٹیز پر مشتمل ہے، لیکن تاحال پی ٹی آئی کی حکومت نے قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے لیئے مذکورہ کمیونٹیز سے ایک بھی رکن کو نامزد نہیں کیا، جو کہ پسماندہ اکثریت کے خلاف صریحاً منفی امتیاز کا مظاہرہ ہے۔ پی پی پی رکنِ سندھ اسمبلی کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ کمیشن کے قیام کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ کمیشن کو پی ٹی آئی کا ایک اور سیاسی بازو بنانے کے بجائے آبادی کے تناسب کے مطابق غیر مسلموں سے تعلق رکھنے والے ذہین افراد کو اس میں شامل کیا جائے۔