گرین اسٹیمولس پیکج سے پودوں،نرسریوں،جنگلات کو فروغ دیا جائیگا، ملک امین

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 10بلین ٹری سونامی منصوبہ کو فروغ دینے کیلئے ’’ گرین اسٹیمولس پیکج‘‘ کے منظوری دیئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے جس کے تحت نہ صرف ملک میں پودے ، نرسریاں ، جنگلات اور شہد، پھلوں اور زیتون کی پیداوار کو فروغ دیا جائے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سرسبز نگہبان منصوبہ کے ذریعے ابتدائی طور پر65 ہزار نوجوانوں اور دیہاڑی داروں کو روزگار بھی دیا جائیگا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نے مجھے یہ ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں ، بین الاقو می اداروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پروگرام کے دائرہ کار میں اضافے اور اضافی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انکی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو یہ ہدایت کی ہے کہ ڈیٹ فار نیچر پروگرام کے تحت دنیا سے رابطہ کے لئے عملی منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ ملک کے قرضوں کو شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں کی مد میں تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے حکومت کی ترجیحات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آب و ہوا کے مسائل سے نمٹنے اور ملک کے سبز احاطہ کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے جو کلین اینڈ گرین پاکستان کے مقاصد کو فروغ دینے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اس پیکج سے کرونا سے پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال کے پیش نظر دیہاڑی دار مزدور وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزاریں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پورے ملک میں قومی پارکس بنائے جائیں گے جس کے لیئے صوبوں کے اشتراک سے علاقوں کی حد بندی کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن