چین نے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافے سے بچنے کے لیے احتیاط برتنے کی ہدایت کر رہی ہے۔ یہ اقدام پانچ روزہ سرکاری تعطیلات سے پہلے اٹھایا گیا ہے۔ ان تعطیلات میں 10 کروڑ سے زائد افراد کی نقل و حرکت متوقع ہے۔ چین کے خبررساں ادارے کے مطابق چین کے حکام نے کہا ہے کہ وائرس کے پھیلاو پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ملک میں گزشتہ دو ہفتے سے زائد عرصے میں اس وائرس سے ہونے والی کسی موت کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ملک میں طبی ہنگامی اقدامات کی سطح کو جمعرات کے روز بلند ترین سے کم کر کے دوسری بلند ترین سطح کر دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ملک میں کم خطرے سے دوچار علاقوں سے سفر کرنے والوں کواپنی آمد کے موقع پر اب قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔حالات میں بہتری آنے سے حکومت کو توقع ہے کہ تعطیلات کے دوران 11 کروڑ 70 لاکھ افراد سفر کریں گے۔یہ تعداد گزشتہ سال کےاسی عرصے کے مقابلے میں خاصی کم ہے، تاہم حکام کو لوگوں کی نقل و حرکت سے وائرس کے کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافے کا خدشہ ہے۔وزارت تجارت اور سیاحت کے ایک سینئر عہدے دار نے نیوز کانفرنس میں تفریحی مقامات کی انتظامیہ پر زور دیا کہ ہجوم سے بچنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ملک بھر میں تقریباً 70 فیصد مشہور سیاحتی مقامات عوام کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
چینی حکومت کا تعطیلات میں وائرس کے خلاف احتیاط برتنے کا مشورہ
May 02, 2020 | 13:16