حکومت آکسیجن سپلائی کا موثر انتظام کرے، سراج الحق‘ دوسری ڈوز لگوا لی 

May 02, 2021

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کرونا کے حوالے سے کسی بھی بڑی آزمائش سے بچنے کے لیے آکسیجن کی سپلائی کا موثر انتظام کرے۔ ویکسی نیشن کے عمل سے جلد از جلد گزرے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ حکومت کے تاحال اقدامات غیر موثر اور ناکافی ہیں۔ ہیلتھ کے حوالے سے کام کرنے والی این جی اوز کو اعتماد میں لے کر عوام کے لیے اس آزمائش میں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے گزشتہ ایک سال میں کرونا وبا کے دوران قوم کی بھرپور خدمت کر کے ایک مثال قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے ہیڈآفس لاہورکے دورے کے موقع پر کیا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور دیگر ذمہ داران نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا استقبال کیا۔ ہیڈآفس کے تفصیلی وزٹ کے بعد سالانہ رپورٹ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، ڈائریکٹر فارن آفیئر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان اس وقت  ویکسی نیشن میں سے سب سے پیچھے ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایکسپوسنٹر لاہور میں کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کی دوسری ڈوز لگوائی۔

مزیدخبریں