محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ اسلامی تعلیمات کا بنیادی نکتہ ہے:محمودالرشید

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے یوم مئی پر اپنے پیغام میں محنت کش طبقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ اسلامی تعلیمات کا بنیادی نکتہ ہے،اسلام نے پسینہ خشک ہونے سے قبل مزدور کی اجرت ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق محنت کشوں کی فلاح و بہبود پی ٹی آئی کے منشور کا بھی نمایاں اور اہم نکتہ ہے۔میاں محمود الرشید نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے محنت کشوں کی کم از کم اجرت 20ہزار روپے کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتیں محنت کشوں کے نام پر زبانی جمع خرچ تو کرتی رہیں لیکن انہیں ریلیف دینے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجرت میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے دل جیت لیے ہیں کیونکہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ورکرز کی کم از کم اجرت20ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ پنجاب میں ورکرز کی فلاح وبہبود کیلئے جامع اور مؤثر اقدامات اْٹھائے گئے ہیں،ورکرز کی سوشل سکیورٹی مراعات میں  خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے،میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر2 لاکھ جبکہ ڈیتھ گرانٹ 5 لاکھ سے بڑھا کر6 لاکھ کر دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن