مکرمی! پانی زمین کا سب سے اہم وسیلہ ہے جس کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے۔ یہ کرۂ ارض کا ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔ یہ تمام جانداروں کے لیے زندگی کی اہم ترین اور بنیادی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس اتنا پانی نہیں ہے کہ ہم اسے بے دریغ ضائع کرتے رہیں، لہٰذا پانی کی بچت اور تحفظ بہت ضروری ہے۔خدا نخواستہ اگر زمین سے پانی ختم ہوجائے تو کرۂ ارض پر زندگی باقی نہیں رہے گی اور ہمارا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں پانی کی بچت کرنی چاہیے ، اس کا استعمال کرتے وقت اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ یہ کسی بھی طرح ضائع نہ ہو۔ اگر ہم سب پانی کی بچت کے لیے انفرادی اقدامات کریں گے تو اجتماعی طور پر یہ ایک بہت اہم کاوش ہوگی جس سے ہم اپنے سیارے کو محفوظ بناسکتے ہیں۔اس لیے میں یہی گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ پانی بچائیں کیونکہ یہ بھی انسانیت کی خدمت ہے! (حمیدخان ناصر، لاہور)