الیکشن اصلاحات،اپوزیشن مذاکرات کرے:عمران 

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کے حلقہ این اے-249 میں ضمنی انتخاب کے تناظر میں اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے لیے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1970 کے الیکشن کے علاوہ تمام انتخابات میں دھاندلی کے دعویٰ کیے گئے اور انتخابی نتائج کی ساکھ پر شک پیدا ہوئے ہیں۔ ٹوئٹس میں انہوں نے کہا کہ ووٹرز کے ٹرن آوٹ میں نمایاں کمی کے باوجود این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں تمام سیاسی پارٹیاں چیخ چیخ کرکے دھاندلی کا دعویٰ کررہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ایسا ہی معاملہ ڈسکہ اور سینیٹ انتخاب میں بھی ہوا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میںہم نے 4 حلقوں کی اسکروٹنی کا مطالبہ کیا جس میں دھاندلی ثابت ہوئی۔لیکن ہمیں ایک سال اور 126 دن دھرنا دینا پڑا جس کے بعد جوڈیشل کمیشن کے قیام عمل میں آیا اور اس نے الیکشن کے ضابطہ اخلاق میں 40 نقائص کی نشاندہی کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے کوئی خاطر خواہ اصلاحات عمل میں نہیں آئیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہی انتخابات کی ساکھ کو برقرار رکھنے کا واحد حل ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر ای وی ایم ماڈل میں سے انتخاب کریں جو انتخابات کی ساکھ بحال کرنے کے لیے ہمارے پاس دستیاب ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم ایک سال سے ہم اپوزیشن سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں اور ہمارے موجودہ انتخابی نظام کی اصلاح میں مدد کریں۔ ‘ہماری حکومت پرعزم ہے اور انتخابات میں شفافیت اور اسکی ساکھ بحال کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے انتخابی نظام میں اصلاحات لائیں گے اور اپنی جمہوریت کو مضبوط کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت محنت کشوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، کوشش ہے محنت کشوں کواندرون و بیرون ملک ملازمتوں کے بہتر مواقع میسر آ سکیں، یوم مزدورپرپیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام نے محنت کشوں کے حقوق کااحترام کرنے پر خصوصی زور دیا ہے، نبی کریم ؐکی کئی احادیث میں محنت کشوں سے منصفانہ سلوک کی تعلیم دی گئی ہے، کوشش ہے، کارکنوں کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر کم کیا جاسکے، حکومت محنت کشوں اوریومیہ اجرت پرکام کرنے والوں کے چیلنج سے آگاہ ہے، کم آمدن والے محنت کشوں کیلئے حکومت نے مزدور کا احساس پروگرام شروع کیا، یکم مئی ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں، بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے، ہمیں چاہیے اندرون اور بیرون ملک محنت کشوں کے قومی تعمیر کی خدمات کا اعتراف کریں، انھوں نے مزید کہا کہ لیبر مارکیٹ کے مدنظر پیشہ وارانہ تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام شروع کیے ہیں، کوشش ہے محنت کشوں کواندرون و بیرون ملک ملازمتوں کے بہتر مواقع میسر آ سکیں، چیلنجز سے آگاہ ہے، ہماری پالیسی ہے کہ محنت کشوں کی جان اور معاش کے تحفظ کے مابین توازن ہو۔ وزیراعظم نے ٹیکس محصولات میں اضافے پر فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں سے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔ ایف بی آر نے اپریل 2021میں 384ارب محصولات اکٹھے کیے، اپریل 2020 کے مقابلے میں ٹیکس محصولات میں 57 فیصداضافہ ہوا۔ حکومتی پالیسیوں سے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔

ای پیپر دی نیشن