کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کراچی کے زیر اہتمام مرکزبیت المصطفیٰ فیڈرل بی ایریا،گلبرک اسکوائرمیں شہدائے بدرکانفرنس کا انعقادہوا۔کانفرنس سے سربراہ ANIمحمدسلیم عطاری،مرکزی صدرمحمدخالدنور، سیدبلال شاہ ،اطہرمحبوب،کامران اسحاق،اکرم سیالوی نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہاکہ غزوہ بد راسلام اور کفر کے درمیان پہلا عظیم فیصلہ کن معرکہ تھا،غزوہ بد رکی فتح نے اسلامی حکومت کی بنیادرکھی۔مقررین نے کہاکہ اللہ پرتوکل ،تحفظ ناموس رسالت ﷺ پرمرمٹنے کا جذبہ ہوتوبڑی سے بڑی طاقت کوئی معنی نہیں رکھتی ۔313صحابہ کرام نبی ﷺکی قیادت میں جذبہ ایمانی کے ساتھ جنگ میں اترے مشرکین کی تعداد ایک ہزارسے زائدتھی ،جنگی سازوسامان بھی بھرپورتھا ،لیکن اللہ تعالیٰ نے حق کو غالب فرمایا،کئی گناہ طاقت رکھنے والے کفارکے لشکر کو مسلمانوںکے لشکرنے دھول چٹانے پر مجبورکیا،غزوہ بدرمیں صحابہ کرام نے ثابت قدمی،جرأت ،استقامت،اللہ تعالیٰ پر کامل یقین، نبی کریم ﷺپر جانثاری، ناموس رسالت ﷺکے خاطر کوئی سمجھوتانہ کرکے عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے مثال قائم کی ہے۔آج ہمیں بھی تحفظ ناموس رسالت کے خاطر جذبہ ایمانی کا مظاہرہ کرناچاہیے ۔