حکومت نے مالی سال کے پہلے9 ماہ میں 4 ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض واپس کیا۔ ہمایوں اختر خان

 پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی خوشی سے نہیں بلکہ انتہائی غیر معمولی حالات میں بیرونی قرضے لئے اور دستاویزات گواہ ہیں کہ ان میں سے ایک بڑا حصہ سابقہ دور کے قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کی مد میں چلا گیا،حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے9 ماہ میں 4 ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض واپس کیا ہے،انتخابی نظام میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن غیر مشروط طور پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھے۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جب ہم عوامی فلاحی ریاست کی بات کرتے ہیں تو اس کیلئے ضروری ہے کہ ہماری معیشت مضبوط اور مجموعی آمدن میں اضافہ ہو اور اس کے لئے حکومت پہلے دن سے عملی پیشرفت کر رہی ہے۔ معیشت کے مثبت اشاریے بتا رہے ہیں کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی اداروں کی حالیہ رپورٹس اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں، کورونا وباء کے باوجود ہماری برآمدات بڑھی ہیں،پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر گزشتہ چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، صرف چند ماہ میں اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری بھی معیشت کے لئے مثبت اشارہ ہے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن ”میں نہ مانوں“ کی رٹ لگائے ہوئے ہے، ہماری پیشکش آج بھی موجود ہے کہ اپوزیشن غیر مشروط طو رپر مذاکرات کی میز پر بیٹھے تاکہ انتخابی اصلاحات کی بیل منڈھے چڑھ سکے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں کسی کو بھی دھاندلی کی شکایات کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

ای پیپر دی نیشن