اسلام آباد‘ ریاض‘ پشاور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) لاہور‘ کراچی‘ پشاور اور کوئٹہ سمیت پاکستان بھر میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہذا عیدالفطر کل تین مئی بروز منگل کو ہو گی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک بھر سے ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔ عیدالفطر منگل کو منائی جائے گی۔ زونل کمیٹیوں سے بھی رابطہ رہا۔ بھارت‘ بنگلہ دیش اور سری لنکا میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ عید کل 3 مئی کو ہو گی۔ سعودی عرب اور امارات میں عید الفطر آج پیر کو ہوگی۔ ملائشیا میں شوال کا چاند نظر آ گیا۔ عید آج ہو گی۔ برونائی‘ فلپائن‘ آسٹریلیا‘ آئی لبنان‘ سنگاپور‘ بحرین‘ لبنان‘ فلسطین‘ ہانگ کانگ سمیت مشرق بعید کے ممالک میں بھی آج عید ہو گی۔ افغانستان میں عید منائی گئی۔ خیبر پی کے حکومت نے آج بروز پیر عیدالفطر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا خیبر پی کے کے مختلف علاقوں سے شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرصدارت غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے آج عیدالفطر کا اعلان کیا۔ رواں سال بھی ملک میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔ پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے آج عید الفطر کا اعلان کر دیا۔ مفتی پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور کی مسجد قاسم خان میں ہوا۔ مسجد قاسم خان میں اعلان کرتے ہوئے مفتی پوپلزئی نے کہا شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا یکم شوال المکرم اور عیدالفطر پیر 2 مئی 2022ء کو ہو گی۔ بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی آج عید ہو گی‘ شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ یہ بات سید مبین شاہ بخاری نے کہی۔ قائم مقام گورنر خیبر پی کے مشتاق غدنی نے کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن میں شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئیں۔ ہزارہ ڈویژن کے عوام منگل کو عیدالفطر منائیں گے۔ ہزارہ میں آج 30 واں روزہ ہے۔ صوبہ ہزارہ تحریک نے بھی آج ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر نہ منانے کا اعلان کر دیا۔ ہزارہ ڈویژن میں کل عید نہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردار محمد یوسف نے اعلان کیا کہ آج ہزارہ میں عید نہیں منائی جائے گی۔ ہزارہ میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق منگل کو منائی جائے گی۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ حسب سابق ہزارہ ڈویژن میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حکم پر تین مئی بروز منگل کو منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شرعاً مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو قاضی القضاۃ کی حیثیت حاصل ہے اور ان کی مسترد شدہ گواہی مسترد تسلیم کی جائے گی۔ آج بروز پیر ہزارہ ڈویژن میں روزہ ہوگا اور معتکفین مساجد میں ہی رہنے کی پابندی کریں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آزاد ادارہ ہے ہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو درخواست کر سکتے ہیں کہ شہادتوں کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کوشش کروں گا ملک میں عید ایک ہی ہو۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہماری پابند نہیں ان کا فیصلہ آزادانہ ہوتا ہے۔ زونل کمیٹی نے کہا ہمارے پاس بہت شہادتیں آئی ہیں۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پہلے ختم ہوا۔ زونل کمیٹی کو شہادتیں بعد میں ملیں۔