اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+وقائع نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی پوری سیاست جھوٹ اور الزام تراشی پر مبنی ہے، مسلسل چار سال سے وہ جھوٹ بول رہے ہیں، عمران خان نے ملک کے اندر کارٹلز اور مافیاز کو مسلط کر کے پاکستان کے عوام کو لوٹا، اپوزیشن کو جیلوں میں بند کیا، اب ان پر اڑھائی ہفتہ سے خوف طاری ہے کہ اگر مہنگائی کم ہو گئی تو وہ لوگوں کو کیا جواب دیں گے، چار سال انہوں نے ایک منصوبہ شروع نہیں کیا اور 43 ہزار ارب روپے کے قرضے لئے، دو کروڑ لوگوں کو خط غربت سے نیچے دھکیلا، چار سال چوری، منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزامات لگاتے رہے لیکن ثابت کچھ نہ کر سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے چار سال اقتدار میں رہ کر طاقت کا ناجائز استعمال کیا اور نیب اور ایف آئی اے سمیت تمام اداروں کو اپوزیشن کے پیچھے لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں کوئی کیس نہیں ملا تو اینٹی نارکوٹکس کے ادارے کو رانا ثناء اللہ کے پیچھے لگا دیا، دو مرتبہ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا گیا لیکن انہیں کچھ بھی نہیں ملا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی داستانیں سب کے سامنے ہیں، یہ دونوں بنی گالا کے فرنٹ پرسن تھے۔ این سی اے کے اندر نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت شریف فیملی کے خلاف ثبوت بھیجے گئے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اس نالائق ٹولے کو پارلیمنٹ سے اٹھا کر باہر پھینکا۔ انہوں نے آئین شکنی کی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار چھوڑے ہوئے ابھی بیس دن گذرے ہیں، ان کے خلاف ہر روز کرپشن کا سکینڈل سامنے آ رہا ہے۔ آج کہتے ہیں فرح گجر پر کوئی کیس نہیں بنتا، وہ آفس ہولڈر نہیں تھیں تو مریم نواز کیا تھیں، وہ آفس ہولڈر تھیں؟۔ فرح گوگی کے اثاثوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا، پنجاب میں ہونے والی ہر تقرری اور تعیناتی پیسے لے کر کی جاتی تھی، پرائم منسٹر انکلیو میں ایسٹ ریکوری یونٹ نہیں ایسٹ میکنگ یونٹ قائم کیا۔ شہزاد اکبر نے ایسٹ ریکوری یونٹ سے پیسے بنا کر دیئے۔ آٹا، چینی سکینڈل سے انہوں نے آٹے اور چینی کی ملوں سے بھی پیسے کھائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد وزیراعظم تھا جس نے دوست ممالک کے تحفے لے کر ان کے ملکوں میں فروخت کئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی وزیراعظم اپنی سکیورٹی کے لئے گاڑیاں رکھ سکتا ہے، عمران خان بی ایم ڈبلیو ایکس فائیو گاڑی اپنے ساتھ لے گئے، یہ وہ گاڑی تھی جو غیر ملکی شخصیات کے لئے استعمال کی جاتی تھی، یہ پول کی گاڑی تھی، 2016ء میں غیر ملکی شخصیات کے لئے یہ گاڑی خرید گئی۔ مینٹیننس بھی عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کروا رہا ہے۔ عمران خان کے پاس ایک پسٹل بھی ہے جو سمگل ہو کر پاکستان آئی، یہ پستول توشہ خانہ میں ڈیکلیئر ہی نہیں ہوا، یہ بھی عمران خان کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانا تھا، یہ جاتے جاتے وزیراعظم ہائوس کے صوفوں کی گدیاں بھی اٹھا کر لے گئے، صوفے ان سے اٹھائے نہیں جا سکے، پاکستان کے عوام کی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔ عوام اب ان کے گلے میں جوتوں کے ہار ڈالیں گے۔ عمران خان نے مئی کے آخر میں لانگ مارچ نہیں اپنی منفی سیاست کے خاتمہ کا اعلان کر دیا ہے۔ عوام چوروں، جھوٹوں، مافیاز اور کارٹلز کے درمیان تفریق سمجھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سعودی عرب کے کرائون پرنس کی جانب سے شہباز شریف کو پیش کئے گئے گارڈ آف آنر کی ویڈیو دیکھ لی ہے جس پر انہیں مرچیں لگیں، عمران خان نے چار سال اقتدار میں رہتے ہوئے تمام مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کئے، عمران خان نے خارجہ پالیسی کو بھی اپنی منفی سیاست سے نقصان پہنچایا، عمران خان سمجھتے ہیں کہ اگر اڑھائی ہفتہ میں شہباز شریف نے اتنی کامیابیاں حاصل کرلیں ہیں تو ڈیڑھ سال میں کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 27 پاور پلانٹس بند تھے جنہیں بحال کیا گیا، پاکستان کے عوام کو بجلی ملنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے مسجد نبویؐ کو بھی سیاست کے لئے استعمال کیا، وہ نبیﷺ کا گھر تھا، وہاں درود شریف پڑھ کر ان کے لئے ہدایت کی دعا کی، آج وہاں جو لوگ گرفتار ہوئے ہیں وہ عمران خان کی وجہ سے گرفتار ہوئے ہیں، یہ پوری پلاننگ عمران خان کے حکم پر ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا ہے، میں نے خود دیکھا کہ کس طرح اشارے کر کے گالیاں اور نعرے لگوائے جا رہے تھے۔ سعودی عرب پہلی مرتبہ پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کی طرف جا رہا ہے، مفتاح اسماعیل وہاں موجود ہیں، سعودی کرائون پرنس کے احکامات کے مطابق ایک پورا پیکج تیار ہو رہا ہے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب ان کی اصلیت جان چکی ہے، جو کال انہوں نے دی ہے پاکستان کے عوام ان کا راستہ بند کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا، قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔
روز کرپشن سکینڈل سامنے آرہا ، عمران کے لانگ مارچ کا راستہ عوام روکیں گے
May 02, 2022