کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں ائرپورٹ روڈ پر کسٹم انٹیلی جنس کے دفتر میں دھماکے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ کسٹم انٹیلی جنس دفتر کے اندر ہوا۔ نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔ زخمی شخص کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ کسٹم آفس کے سکیورٹی گارڈ نے پولیس کو بیان میں کہا کہ تین مسلح افراد دفتر میں داخل ہوئے جنہوں نے عملے کو یرغمال بنا لیا۔ مسلح افراد نے میرے ہاتھ باندھ دیئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ مسلح افراد کے نکلتے ہی کسٹم کے دفتر میں دھماکہ ہو گیا۔