جنوبی پنجاب میں نما ئشی سیکرٹر یٹ نہیں ہو گا ، مخلوق کی کدمت ہوگی، ریلیف دیں گے : وزیر اعلی

May 02, 2022


لاہور، بہاولپور (آئی این پی، بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہبازشریف نے بہاولپور کا دورہ کیا اور سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں وفاقی وزرائ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ عوامی نمائندوں نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر حمزہ شہباز کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازشریف نے سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر صوبہ بھر میں کام کریں گے۔ بہاولپور صوبہ کی قرارداد مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاس کرائی تھی۔ عددی اکثریت کے ہونے پر اس قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میںسپیڈو بس کی بحالی کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ عمران نیازی کے دور میں جنوبی پنجاب کی محرومیوں میں اضافہ ہوا۔ قائد اعظم سولر پارک کے قیام کے بعد سابق حکومت نے ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہ کی۔ ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دکھایا جس سے نوجوانوں کے خواب چکنا چور ہوئے۔ مدینہ منورہ میں طاق رات میں عمران نیازی کے ایما پر غلیظ زبان استعمال کی گئی اور مسجد نبوی کے تقدس کا خیال نہ رکھا گیا۔ عمران نیازی توشہ خانہ کا حساب دیں۔ مخلوق خدا روٹی کو ترس رہی ہے۔ سابقہ دور میں کرپشن کا بازار گرم تھا۔ شہباز شریف کے دور میں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔ صوبہ بھر میں خراب ڈائیلاسز مشینیں فنکشنل کی جائیں گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور آر او پلانٹس کو درست کیا جائے گا۔ مدینہ کے واقعہ سے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ میں اپنے قائد محمد نوازشریف اور جماعت کا مشکور ہوں جنہوں نے اس کارکن کو وزیراعلیٰ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں عمران نیازی نے ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کا دھوکہ دیا اور یہ لوگ ساؤتھ پنجاب صوبہ کے نعرے پر حکومت میں آئے لیکن ساؤتھ پنجاب کو انہوں نے کوئی منصوبہ نہیں دیا۔ نیا پاکستان کا جھوٹ بری طرح ناکام ہوا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کے لئے پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ صوبہ بھر میں نہروں کی بھل صفائی کا فول پروف میکانزم وضع کیا جائے۔ ہم نمائشی سیکرٹریٹ نہیں بنائیں گے۔ شہروں اور دیہات کے لوگوں کو کوالٹی آف لائف مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا سسٹم وضع کیا جائے گا۔ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ بحال کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بہاولپور کیلئے سپیڈو بس پراجیکٹ کی بحالی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ ملاقات کرنے والوں میںطارق بشیر چیمہ، ریاض پیر زادہ، نجیب الدین اویسی، کاظم پیر زادہ، خالد واران، شعیب اویسی، ظہیر اقبال چنڑ، حسینہ بیگم، بلیغ الرحمن، اقبال چنڑ، رانا طارق، عقیل نجم ہاشمی، پروین مسعود بھٹی، راؤ صداقت علی خان اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو کم نرخوں پرآٹا ملنا ان کا حق ہے۔ پنجاب کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست یا الیکشن کو چھوڑ دیں، صرف اللہ کی مخلوق کا سوچیں اور انہیں ریلیف دیں۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو انسانی بس میں ہوا وہ کر گزروں گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ صوبے کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کی جائے اور گندم و آٹے کی غیر قانونی نقل و حرکت کو سختی سے روکا جائے۔  وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہبازشریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ لیبر ڈے پر مزدوروں اور محنت کش طبقے کی بحالی کے عزم کا اظہار کرتا ہوں۔ مزدور کو اس کے حقوق دئیے بغیر ملک کی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی طرف سے کم ازکم اجرت 25ہزار روپے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش بھائیوں کے دکھ محسوس کرسکتا ہوں، ان کے درد بانٹیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہبازشریف کی زیرصدارت  وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میںصوبے میں امن و امان کی صورتحال، غیر ملکی افراد خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور عید پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے چاند رات اور عید اجتماعات کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ لا اینڈ آرڈر کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے کے بعض شہروں میں ڈیزل کی قلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے سول ہسپتال بہاولپور کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہسپتال میں موجود مریضوں کو ان کے لواحقین سے سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہسپتال میں ناکافی طبی سہولتوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سول ہسپتال کے بچہ وارڈ میں داخل بیمار بچی کے اداس اور پریشان حال باپ کو دیکھ کر رک گئے۔ وزیراعلیٰ نے بیمار بچی کے باپ کا فون نمبر لے لیا اور کمشنر کو طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچی کے علاج کیلئے بہترین ڈاکٹروں کا بورڈ بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے مشکل کی گھڑی میں استقامت کا مظاہر ہ کر نے والے کارکن ہمارے ہیرو ہیں، انہوں نے چار سالہ فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس پر مسلم لیگ (ن) ان کو سلام پیش کرتی ہے۔ سرکٹ ہائوس بہاولپور میں نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب سابق سینیٹر چوہدری سعود مجید اور ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چوہدری سعد مسعود کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے مسلم لیگی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کر تے ہوئے حمز ہ شہباز نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی۔

مزیدخبریں