سپیکر قومی اسمبلی کی چینی سفارتخانے آمد، کر اچی دہشتگردی کی مذمت 


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپیکر قومی اسمبلی  راجہ پرویز اشرف نے کراچی یونیورسٹی میں دہشتگردی کے حالیہ المناک واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کے لیے اسلام آباد میں قائم چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کراچی یونیورسٹی میں حالیہ خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے چینی ماہرین تعلیم کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بزدلانہ اور گھنانے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ایسا واقعہ پاکستان اور چین کے مشترکہ دشمنوں نے کیا کیونکہ وہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے معاشی اور اقتصادی تعلقات اور خوشحالی سے خوفزدہ ہیں۔ سپیکر نے اپنے پیاروں کو کھونے والے چینی شہریوں اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا دشمنوں کو دونوں دوست ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپیکر نے چینی حکام کو یقین دلایا حکومت پاکستان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ چین کی قائم مقام سفیر پنگچونکسو نے دورہ کرنے اور ہمدردی کے اظہار پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور  بھرپور تعاون پر حکومت پاکستان، سیکورٹی ایجنسیوں کے کردار کو بھی سراہا اور مجرموں کی تلاش کے لیے کام کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن