عمران ، شیخ رشید فواد، شہباز گل سمیت 150کیخلاف 2مقدمے ، راشد شفیق گرفتار


راولپنڈی+فیصل آباد  ( اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی)  مسجد نبوی ؐ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری، شہباز گل اور شیخ رشید سمیت 150 افراد کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ فیصل آباد پولیس کے مطابق مقدمہ محمد نعیم نامی شہری کی درخواست پر تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، رکن قومی اسمبلی راشد شفیق اور انیل مسرت بھی نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق شیخ راشد کی قیادت میں 150 افراد کو سعودی عرب بھجوایا گیا جبکہ لندن سے بھی ایک وفد سعودی عرب پہنچا، مسجد نبوی ؐ میں پاکستانی زائرین کو ہراساں کر کے شعائر اسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا جبکہ ایک اور درخواست سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانہ ریل بازار میں دے دی گئی۔ غوثیہ کلاتھ مارکیٹ ریل بازار کے رہائشی مبشر شیراز ولد رمضان کی جانب سے دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نیازی ولد اکرام خان نیازی سکنہ بنی گالہ نے تحریک انصاف ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ورکروں کو اولیاء کرام کے بارے میں تشبیہہ دینے کی کوشش کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے مطابق 295C اور بغاوت کے زمرے کا ارتکاب کیا ہے، دوسری جانب عمران خان کی ایماء پر ورکروں نے مسجد نبویؐ کی حرمت کو بھی پامال کیا۔ ریل بازار پولیس نے درخواست حاصل کرکے کارروائی شروع کردی۔ فتح جنگ، اٹک تھانہ نیو ایئرپورٹ پولیس نے قاضی محمد طارق ایڈووکیٹ کی مدعیت میں مسجد نبویؐ کی بے حرمتی، توہین آمیز رویئے اور نعرے بازی کے معاملے پر ایک اور مقدمہ درج کیا۔ مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان، شیخ رشید احمد، فواد چودھری، شہباز گل، مراد سعید، شیخ راشد شفیق کو بھی نامزد کیا گیا۔ مقدمہ کے مطابق شرپسندوں کا گروہ شیخ راشد شفیق کی سربراہی میں سعودی عرب روانہ کیا گیا، برطانیہ سے دوسرا گروہ صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو کی سربراہی میں گیا، انیل مسرت، نبیل مسرت، رانا عبد الستار، عامر الیاس، اعجاز حق اور گوہر جیلانی شامل تھے۔ تھانہ سٹی اٹک میں عمران خان اور دیگر کیخلاف درخواست جمع کرا دی گئی۔ اٹک پولیس نے قانونی کارروائی کیلئے درخواست قبول کرلی۔ سابق رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔ شیخ راشد شفیق اپنے بھائی شیخ شاکر شفیق کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد جب ائرپورٹ پہنچے تو ایف آئی اے کائونٹر پر دوران کلیئرنس انہیں بتایا گیا کہ آپ کے نام مقدمہ نمبر 798/22 زیر دفعات 295A, 295, 296, 109 ت پ درج ہے۔ ایف آئی اے نے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کی اطلاع فیصل آباد پولیس کو دیدی جس کے بعد فیصل آباد پولیس کی ٹیم انہیں تحویل میں لینے کے لئے پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق شیخ راشد شفیق نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو ائیرپورٹ پر ہی سول کپڑوں میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے اپنی حراست میں لے لیا۔ شیخ راشد شفیق کو اٹک کی سول کورٹ پیش کیا گیا جہاں پر ان کا ایک روز جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے عدالت کے باہر نعرے بازی کی گئی۔ اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے میڈیا سینٹر پر چھاپہ مارا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چھاپہ رات گئے سیکٹر ایف سیون فور میں واقع گھر میں مارا گیا ہے۔ دوسری جانب شیخ رشید احمد نے بھی چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رات کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے لوگ آئے تھے، گرفتاری کیے بغیر چلے گئے۔ محمد نواز بھٹی نامی شہری کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور شیخ راشد شفیق کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔ اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر شیخ راشد شفیق نے اپنی گرفتاری کے موقع پر اپنے بھائی شیخ شاکر سے کہا کہ سب حوصلے بلند رکھیں انتقامی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے عمران خان کی قیادت میں امپورٹڈ سیٹ اپ جلد اپ سیٹ ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...