لاہور (نامہ نگار)سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے گاڑیوں پر غیر قانونی طور پرنیلی بتی، گرین نمبر پلیٹس، پولیس فلیشر لائیٹس پر چالان کی بجائے مقدمہ درج کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اب ایسی گاڑیوں کے چالان کی بجائے مقدمات درج کروائے جائیں گے۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہد ی نے کہا ہے کہ کوئی بھی غیر قانونی طور پر نیلی بتی اور گرین نمبر پلیٹس چلاتے نظر نہ آئے۔ کالے شیشوں والی گاڑیوں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے اور وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں پر اسلحہ کی نمائش پر فوری طور پر ڈولفن، پیرو کو اطلاع دی جائے اورغیر قانونی طور پر ڈالوں کے پیچھے اسلحہ لہرانے والوں کی بھی فوری اطلاع کا حکم دیاہے۔ سی ٹی او لا ہو ر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس اور سیف سٹی اتھارٹیز مشترکہ کارروائیاں کریں گئے۔ کارروائی کیلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز تعینات ہوں گے۔