نمازعیدکے 25525اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے43427 اہلکارتعینات


لاہور(نامہ نگار)صوبہ بھر میں عید الفطر اور نماز عیدکے اجتماعات کی سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ عید الفطر کے25525 اجتماعات کا سکیورٹی پلان تیارکرلیا گیا ہے۔صوبہ بھر میں 24743 مساجد، امام بارگاہوں اور782 کھلے مقامات پر عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 43427 سے زائد پولیس افسران و اہلکار اور رضا کار فرائض سر انجام دیں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4922 مساجد، امام بارگاہوں اور191 کھلے مقامات پر عید اجتماعات منعقد ہوں گے جن کی سکیورٹی کیلئے لاہور پولیس کے 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار اور رضا کار عید الفطرکی سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ حساس مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس،میٹل ڈٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے جبکہ سیف سٹی اتھارٹی اور سنٹرل پولیس آفس سے نماز عید اور سکیورٹی انتظامات کی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ عید الفطر پر صوبے میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے حساس مساجد، امام بارگاہوں، کھلے اجتماعات پر ہونے والے عید اجتماعات اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ تفریحی مقامات، پبلک پارکس اور عوامی مراکز کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے مصروف شاہرات پر ٹریفک کی اضافی فورس تعینات رہے گی جبکہ ڈولفن، پیرواور دیگر پٹرولنگ فورسز کے گشت کومزید موثر بنایا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن