لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے چالیسیوں بار سالانہ نمازِ تراویح میں قرآن مجید سنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں تکمیل قرآن کے موقع پر اجتماعِ قرآن و خصوصی دعا کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت پیر سید عبد الشکور شاہ نے کی اور اجتماعِ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ چالیس سالوں سے مصلیٰ پر کھڑے ہو کر پورا قرآن زبانی سنانا محض توفیق خداوندی ہے۔ مصلیٰ سنانے کی چالیس سالوں کی کیفیات جدا جدا میرے ذہن میں نقش ہیں۔ تلاوتِ قرآن کے لطف و سرور سے یہ پتا چلتا ہے کہ یہ واقعی اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور اسلام دینِ حق ہے۔ قرآن مجید کا آج بھی اپنی اصلی شکل میں تحریف کے بغیر ہونا جسد ملت میں زندگی کی مانند ہے۔ اسلام دشمن قوتیں ہمہ وقت امت مسلمہ کو قرآن سے دور کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ ہمیں اپنے آپ کو اور آئندہ نسلوں کو قریب رکھنے کا کردار ادا کرنا ہے۔