کوئٹہ(بیورورپورٹ)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صوبائی حکومت مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت نے مزدوروں سے متعلق قوانین کوبہتر کرنے سمیت متعدد اقدامات کیے۔ عالمی یوم مزدور پر انہوں نے کہا کہ عالمی یوم مزدور ہر سال مزدوروں کی انتھک محنت کی یاد میں منایا جاتا ہے، یہ دن ہمیں ایک موقع دیتا ہے کہ ہم مزدوروں کی ان کاوشوں کو یاد کر سکیں جو انہوں نے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کیلئے کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مدد سے ہم اپنے محنت کشوں کیلئے بہتر معیار زندگی حاصل کرسکتے ہیں اور ان کیلئے ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں، شکاگو کے شہیدوں نے جبر ، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دیں محنت کشوں کا عالمی دن ایک ایسا موقع ہے جس پر ہم کام کرنے والے مرد و خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جو ملک کا ایک ناگزیر ستون ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ دن پاکستانی افرادی قوت کے کردار ، اس کی لگن اور عزم کی علامت کے طور منایا جاتا ہے ، جس نے پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار اور ترقی پسند قوم بنانے کی سمت گامزن کیا۔ انہوں نے کہا روایتی مزدور پیشہ افراد کے ساتھ ساتھ گھروں میں کام کرنے والے مرد و خواتین مزدور پیشہ افراد کی بہبود کے لئے بھی اقدامات ناگزیر ہیں اس ضمن میں بلوچستان اسمبلی میں ہوم بیسڈ ورکرز پر قانون سازی مکمل ہوچکی ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بناکر مزدور پیشہ افراد کے معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے اور مالی حالات کے استحکام کے ذریعے ان کی زندگیوں میں نمایاں خوشحالی لائی جاسکے ۔