گھناؤنے  فعل کے باعث سر شرم سے جھک گئے، پی ٹی آئی تو  ریاست مدینہ کی دعوے دار تھی :رہنماؤں کا اجلاس سے خطاب 


 کوئٹہ( اے پی پی)پی ٹی آئی بلوچستان  کے سنیئر  رہنماء میر عطاء  اللہ کلپر بگٹی  نے  سینکڑوں کارکنوں کے سمیت پاکستان تحریک انصاف سے استعفی دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی شمالی ریجن کے سابق جنرل سیکرٹری میر عطاء اللہ کلپر بگٹی کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے کارکنوں کا ہنگامی اجلاس کلپر ہاوس سوئی میں ہوا جس میں پی ٹی آئی کے سابقہ صوبائی و ضلعی عہدیداروں و کارکنوں کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اجلاس میں گزشتہ روز مدینہ منورہ میں حکومتی وفد جس میں ہمارے ضلع ڈیرہ بگٹی کے ایم این اے  وفاقی وزیر نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی مذمت کی گئی اور میر عطاء  اللہ خان بگٹی نے سینکڑوں کارکنوں سمیت پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا ۔ میر عطاء  اللہ کلپر نے حکومتی وفد کے ساتھ مدینہ منورہ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید  مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نبوی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھناؤنے  فعل کے باعث کارکنوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں پی ٹی آئی تو وہ جماعت تھی جو ریاست مدینہ کی دعوے دار تھی لیکن افسوس کچھ لوگ اقتدار کی بھوک میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں کہ  انہوں نے مسجد نبوی کے تقدس کا خیال بھی نہیں رکھا جو کہ باعث  افسوس اور پاکستانی سیاست میں نفرت اور عدم برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کا موجب  ہے ۔ ایسی صورتحال میں ہمارا  پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا ناممکن ہوگیا ہے اوہم اپنے ساتھیوں کی ساتھ مشاورت کے بعص متفقہ طور پر پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں میر عطاء  اللہ خان بگٹی نے کہا کہ وہ بہت جلد اپنے ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کرکے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن