ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ناقابل برداشت، صوبائی وزیر ورکس

May 02, 2022

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ضیاء عباس شاہ نے صوبائی بلڈنگ سیکٹر کے تحت جاری 5 ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی وزیر سید ضیاء عباس شاہ نے لاڑکانہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اچانک دورہ کیا جہاں صوبائی بلڈنگ سیکٹر کے تحت جاری 5 ترقیاتی منصوبوں لاڑکانہ سرکٹ ہاؤس، ججز لاجز، فوڈ کوٹ، کمشنر ایڈیشنل بلاک اور اسپورٹس کمپلیکس میں تاخیر پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مزید تاخیر کی صورت میں متعلقہ انجینئرز کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، بعدازں صوبائی وزیر نے سڑکوں کی تعمیر و استرکاری کے جاری منصوبوں کا بھی دورہ کیا اورسڑکوں کے ترقیاتی کام اور متعلقہ انجینئرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کا شہروں سے رابطہ مقامی لوگوں کو روزگار میں آسانی پیدا کرتا ہے، صوبائی وزیر سید ضیاء عباس شاہ نے کہا کہ صوبہ بھر میں سڑکوں کا چال بچھانے سے معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی جبکہ سڑکوں کی تعمیر سے مقامی افراد کو آمد و رفت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ دورے کے بعد صوبائی وزیر نے لاڑکانہ میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی اور موقع پراحکامات جاری کیے۔

مزیدخبریں