لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے صوبائی وزیر ایکسائز بلال افضل کے ہمراہ ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کیینٹ کا دورہ کیا اور ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزراء نے بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری لائیو سٹاک محمد مسعود انور نے محکمہ لائیو سٹاک بارے تفصیلی بریفنگ دی، صوبائی وزراء کوویکسینیش، ڈیزیز کنٹرول، اینیمل نیوٹریشن اور بریڈ امپروومنٹ بارے روڈمیپ سے آگاہ کیا گیا، صوبائی وزراء نے لائیو سٹاک سیکٹر کے فروغ کے لئے محکمانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 92 11 ورچوئل گورننس اور ڈیزیز رپورٹنگ و سرویلنس سسٹمز جدّت اور انتظامی مہارت کے عملی ثبوت ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ لائیو سٹاک معاشی خوشحالی اور غربت میں کمی لانے کیلئے حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کیلئے خام اجناس کی مقامی پیداوار کو بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طویل المدتی ایکشن پلان کے تحت لائیو سٹاک سیکٹر میں کارپوریٹ ماڈل بارے رجحان سازی گیم چینجر ثابت ہوگی، صوبائی وزیر ایکسائز ٹیکسیشن بلال افضل نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک پر مویشی پال کا بھروسہ محکمانہ کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کا سروس ڈلیوری ماڈل دیگر محکموں سے بہتر ہے، صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیلئے محکمانہ سطح پر مثبت پیش رفت ہونی چاہئیے، محکمہ جامع روڈ میپ پر عمل کرے، حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی-سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ کی طرف سیمْنہ کْھر کنٹرول بارے نیشنل ایکشن پلان کی کابینہ سے منظوری کیلئے سفارش بھجوائی جارہی ہے، منہ کْھر ویکسین پروڈکشن کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے حکومتی سطح پر تعاون درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں کی اپ گریڈیشن سے فارمر کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ سیکرٹری لائیو سٹاک نے نگران وزراء کو سوینئرز بھی پیش کئے۔ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران نے شرکت کی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے شجرکاری مہم کے حوالے سے ادارے میں پودابھی لگایا۔
پولٹری کی قیمتوں میں استحکام کیلئے اجناس کی پیداوار بڑھانا ہوگی:صوبائی وزیر صنعت
May 02, 2023