سری نگر(کے پی آئی) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں 14 میسنجر موبائل ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی فوج کی سفارش پر بھارتی حکومت نے ان ایپس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 69A کے تحت بلاک کر دیا۔ بھارتی حکومت کا الزام ہے کہ میسنجر موبائل ایپلی کیشنز کے زریعے عسکریت پسند باہمی رابطے میں رہتے ہیں۔ بھارتی فورسز سے جھڑپ میں مارے گئے نوجوانوں کے موبائل فونز پر یہ ایپس ڈان لوڈ تھیں۔بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ان ایپس کے بھارت میں نمائندے نہیں ہیں اور ان سے معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق عسکری تنظیم حزب المجاہدین اور مزاحمتی محاذ (TRF) کے ارکان کینیڈین میسجنگ ایپ اور ایپ ڈویلپمنٹ پلیٹ فارم Nandbox Messenger استعمال کر رہے تھے۔