لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کو آپریٹو بورڈ فار لیکوڈیشن کے چیئرمین اور سیکرٹری نے قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے انتظامیہ نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کے موضع ہلوکی اور موضع کماہاں میں 127 کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرا لی، جس کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ آپریشن کلین اپ کی نگرانی چیئرمین فیصل فرید، سیکرٹری کامران بشیر ڈوگر نے کی۔ ان کو مختلف شکایات موصول ہوئیں کہ لاہور کے مختلف موضع جات موضع کماہاں اور موضع ہلوکی میں طاقتور لوگوں نے سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھے ہیں جس پر انہوں نے تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری پراپرٹی خاور بشیر اور ڈپٹی سیکرٹری آپریشن غلام حر اعوان کو مقرر کیا۔ سیکرٹری کامران بشیر ڈوگر کے احکامات کی روشنی میں پی سی بی ایل کے اینٹی انکروچمنٹ سیل نے آپریشن کلین-اپ کیا۔ موضع ہلوکی میں ایک سو کنال اراضی قبضہ میں لے لیں۔ قبضہ گروپوں کی طرف سے سرکاری زمین پر لگائی گئی فصل تلف کر دی گئی۔ حویلیاں مسمار کر دیں، اسی طرح ماڈل ٹاؤن کے علاقے موضع کماہان میں طاقتور لوگوں سے 25 کنال قیمتی اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا۔