قوم نے عمران کی جھوٹ پر مبنی سیاست کو مسترد کر دیا: خرم دستگیر

May 02, 2023

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کی الزامات اور جھوٹ پر مبنی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کو مانیٹر کرنا عدالتوں کا کام نہیں۔ عمران خان مذاکرات کی آڑ میں موجودہ حکومت سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ پاکستانی قوم ملکی ترقی و خوشحالی کو تباہ کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں عوام دوست حکمران جماعت ہے۔ جس نے ہمیشہ اقتدار میں آکر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر لیبر لیڈر ولی الرحمان خان کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بی او ڈی گیپکو شعیب بٹ، محمد طارق، رانا زمان، علی سبحانی، وسیم خان ، رانا شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں