راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید نے کہا کہ پورا ملک عدلیہ کے ساتھ ہے۔ جسے تحریک انصاف ٹکٹ دے گی ہم اس کا ساتھ دیں گے، مجھے یقین ہے کہ 10 مئی تک فیصلہ جبکہ 14 مئی کو انتخابات ہو جائیں گے۔ یوم مزدور کے موقع پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی سیاست دان نے مزدور کے لئے کال دی ہے۔ شہباز شریف نے رمضان کے مہینے میں بھی 20 کروڑ روپے نہیں بخشے۔ 90 منسٹرز کا جمعہ بازار لگا رکھا ہے۔ فضل الرحمن چیف جسٹس کے ہتھوڑے کو ہندوؤں کا ہتھوڑا کہتا ہے۔ یہ سب عدلیہ کی طاقت کو نہیں سمجھتے، یہ سب نیب زدہ ہیں، عوام جان لیں کہ یہ سب دوبارہ سے جیل جائیں گے۔ اس بار عمران حکومت بنائے گا اور یہ غریب کی حکومت ہوگی۔ کیوں کہ اگر کوئی نہیں بکتا تو غریب نہیں بکتا۔ ہم حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عدلیہ کے فیصلے پر ان کا باپ بھی عمل کرے گا۔ قبل ازیں ایک ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا تھا امید ہے عدلیہ کسی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کو بھی دیکھے گی۔ مذاکرات بہانہ ہے یا الیکشن کروانا ہے، اس کا فیصلہ 10 مئی تک ہو جائے گا۔ جو روز آڈیو، ویڈیو کھیل رہے تھے ان کے اپنے وزیر خارجہ، وزیراعظم کی آڈیو بھی لیک ہوگئی۔ قوم جاننا چاہتی ہے آئی ایم ایف سے معاہدے کا کیا بنا۔ پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عدلیہ، آئین اور قانون ہر صورت میں جیتے گا۔ الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے۔
10 مئی تک فیصلہ، 14 کو انتخابات، حکم پر ان کا باپ بھی عمل کرے گا: شیخ رشید
May 02, 2023