امت کے مسائل کا واحد حل اتحاد میں مضمر ہے: طاہر اشرفی

May 02, 2023

 لاہور(خصوصی نامہ نگار)مسلم امہ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے۔ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے بنیادی مسائل ہیں جن کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علماء اسلام ہر سطح پر نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ سوڈان کے مسئلے پر سعودی عرب کا کردار قابل تحسین اور مشعل راہ ہے۔ سوڈان میں مستقل جنگ بندی کیلئے تمام ممالک کو سعودی عرب کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ رابطہ عالم اسلامی کا میثاق مکہ اور پاکستان کے علماء کا پیغام پاکستان اسلامی تعلیمات کی حقیقی ترجمانی ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے۔ اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب کی قیادت سے بات چیت وقت کی ضرورت ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کو کسی صورت قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سعودی عرب اور عرب شام تعلقات کی بحالی سے امت مسلمہ کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے G20 ممالک کی سیاسی اور مذہبی قیادت سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان میں ہونے والے G20کے اجلاس میں شریک نہ ہوں۔

مزیدخبریں