شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ 2014ء کے دھرنے سے شروع ہونے والی بین الاقوامی سازش 2017ء میں مکمل ہوئی اور اس سازش کی تکمیل سے قبل نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر سزا دیکر نااہل کیا گیا اور 2018ء کے دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے عمران خان کو وزیراعظم بنا کر قوم پر مسلط کیا گیا۔ اگر عمران خان 14 مئی کی تاریخ دے رہے ہیں تو پھر سپریم کورٹ کا فیصلہ کہاں گیا۔ عمران خان کو آئینی طریقے سے نکالا۔ اس کے بعد واویلا سازش کا حصہ ہے۔ ملکی مفاد کی خاطر دل پر پتھر رکھ کر مذاکرات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 142 کے امیدوار چودھری شہباز چھینہ کی عمرہ ادائیگی پر انہیںمبارکباد دینے کے بعد یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ رانا تنویرحسین نے کہاکہ الیکشن ایک ہی روز ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کی خواہش پر اسمبلیاں تحلیل نہیں کی جائیںگی۔ موجودہ اسمبلی اپنی آئینی مدت ہر صورت پوری کرے گی اور انتخابات اکتوبرمیں ہوں گے۔