قطر میں طالبان کے بغیر مذاکرات، پاکستان، چین، روس سمیت 25 ممالک شریک 

May 02, 2023


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام افغانستان پر منعقد ہونے والے خصوصی ایلچیوں کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کر رہی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دیگر ممالک کے رہنماو¿ں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گی۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گی اور بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ آگے بڑھنے کے راستے کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے بارے کام کریں گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم، خود مختار، خوشحال اور منسلک افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کی صورتحال پر اقوم متحدہ کی زیر قیادت اجلاس کا آغاز ہوا۔ صدارت یو این سکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کی۔ مذاکرات میں پاکستان، چین، بھارت، ایران، امریکہ، برطانیہ سمیت 25 ممالک شریک ہیں۔ اجلاس میں طالبان حکومت کو مدعو نہیں کیا گیا توقع ہے دوحا اجلاس سے افغانستان پر سے پابندیاں ہٹانے کی راہ ہموار ہو گی۔ لڑکیوں کی تعلیم کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ امارات اسلامیہ کے عالمی برادری کے تعلقات کوآگے بڑھایا جائے گا۔ افغان منجمد اثاثوں کے جاری کرنے، افغانستان کے مسائل پر طالبان سے بات کرنے کا طریقہ کار پر بات ہو گی۔

مزیدخبریں