حکومت سٹیل ملز اور پی آئی اے کو پرائیویٹ پارٹنرشپ سے بہتربناسکتی ہے:بلاول


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کراچی میں یوم مزدور پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی محنت اور خون پسینے کی وجہ سے معیشت چلتی ہے۔ پیپلزپارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ مزدور کو صلہ ملنا چاہئے۔ اشرافیہ کی کمائی اور کاروبار مزدوروں کے خون پسینے سے چلتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو ان کے حقوق دلوائے، ضیاء کی آمریت میں گرفتار مزدور بینظیر بھٹو کی حکومت بنتے ہی رہا ہوئے۔ آصف زرداری پہلی بار صدر بنے تو 18ویں ترمیم کے ذریعے مزدور دشمن قوانین ختم کیے۔ پیپلزپارٹی کے دور میں مزدور کی اجرت، پنشن میں اضافہ ہوا۔ پیپلزپارٹی کے دور میں مزدوروں کیلئے تاریخی قانون سازی ہوئی۔ ہمیں فخر ہے سندھ میں مزدوروں کے حق میں قانون سازی کی گئی۔ پیپلزپارٹی نے تنخواہوں اور پنشن میں تاریخی اضافہ کیا۔ سندھ ہوم بیسڈ ورکرز کو پیپلزپارٹی نے قانونی تحفظ دلوایا۔ آئندہ بجٹ میں سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں تنخواہ میں زیادہ اضافہ کریں گی۔ حکومت پی آئی اے، سٹیل مل کو پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بہتر بنا سکتی ہے۔ پی آئی اے، سٹیل ملز کی نجکاری کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے۔
بلاول بھٹو

ای پیپر دی نیشن