کچے  میں ڈاکووں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے:زرداری،ناکام پولیس افسرتبدیل کرنے کا حکم،متحدہ وفدکی ملاقات تعاون کی یقین دہانی


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدرمملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر مملکت کو بریفنگ دی کچے کے علاقے میں آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی۔ امن و امان کی بہتری کے لئے سکیورٹی اداروں سے اجلاس کر کے جائزہ لیا جاتا ہے۔ کراچی 2014ء کے عالمی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھا جو اب 82 ویں نمبر پر ہے۔ دنیا کے بڑے شہروں کے رینک اینڈ کرائم انڈیکس میں کراچی سے زائد جرائم ہیں۔ ہمارا شہر آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بہت بڑا ہے۔ سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے سندھ پولیس نے اہم اقدامات کئے ہیں۔ پولیس کو گاڑیوں اور موٹر سایکلوں کے ساتھ مدد گار 15 کی ازسر نو تشکیل کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دیگر ممالک میں اگر سٹریٹ کرائم ہے تو ان کے اسباب ہیں۔ کراچی میں سٹریٹ کرائم کا کوئی خاص سبب نہیں۔ گاڑیاں اور موبائل چوری ہونے کے بعد کہاں جاتے ہیں، پولیس کو معلوم ہونا چاہئے۔ چوری کا سامان کہاں جاتا ہے ان کے خلاف پولیس کارروائی کرے۔ صدر مملکت آصف زرداری کو کچے کے علاقے میں کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ دریں اثناء صدر آصف زرداری نے سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکامی پر متعلقہ افسران کی تبدیلی اور کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات کے علاوہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ پولیس افسروں کو مخصوص مدد دے کر ان سے بھرپور کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے میں اغوا کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔  آصف زرداری نے واضح کیا کہ زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا۔ صدر مملکت نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔ آصف زرداری نے کہاکہ سندھ حکومت کو وفاق سے اسلحہ یا دیگر سہولیات چاہییں وہ مہیا کرائیں گے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو موثر بنانے کے لیے ناردرن بائی پاس پر باڑ لگانے کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے پولیس کو ڈرگ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا سکولوں تک پہنچنا ناقابل برداشت ہے۔ سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے وفد کے ہمراہ صدر پاکستان آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ متحدہ ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم وفد میں مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی و معاشی بحران، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر مشترکہ حکمت عملی وضح کرنے پر زور دیا گیا۔ ایم کیو ایم وفد نے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر صدر سے تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے سٹریٹ کرائم میں لوگوں کی قیمتی جان و مال کے ضیاع پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ایم کیو ایم نے صدر مملکت سے کراچی میں امن وامان کے لئے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی۔ ایم کیو ایم مسائل حل کے لئے سیاسی جماعتوں سے مل کر کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ای پیپر دی نیشن