لاہور‘ شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نامہ نگاران) دنیا بھر میں محنت کشوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مزدوروں کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ محنت کشوں نے یکم مئی کے موقع پر ملک بھر میں جلسے منعقد کرکے اور جلوس نکال کر امریکہ (شکاگو) میں مزدوروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں اور حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی، محنت کشوں کی عام بے روزگاری اور روز بروز غربت میں اضافہ، سماج میں امیر وغریب کے مابین بے پناہ فرق، جاگیرداری و سرمایہ پرستی ختم کرائیں، یہ مطالبات لاہور میں سینکڑوں محنت کشوں نے آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے زیراہتمام جلوس میں پیش کئے۔ ایک اور قرارداد کے ذریعے دنیا کی تمام انصاف پسند اقوام سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ فلسطین غزہ کے معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کا قتل عام بند کرائیں۔ جلوس کی قیادت بزرگ مزدور راہنما خورشید احمد اور محنت کشوں کے دیگر نمائندگان نے کی۔ محنت کشوں نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور مزدور اتحاد زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے اور اپنے مطالبات کے حق میں آواز اٹھا رہے تھے۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے ملک کے عوام اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ قومی اتحاد سے دہشت گردی کو ناکام بنائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے یوم مئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہویے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مزدوروں کو خراج تحسین اور شگاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بھٹو نے مزدوروں کی یونین سازی کے لیے آئین میں ترمیم کی اور یوم مئی کی بنیاد رکھی۔ ریلوے، پی آئی اے اور عام محنت کش کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چودھری اسلم گل، میاں خالد محمود اور دیگر نے لاہور ریلوے سٹیشن کے باہر پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے یوم مئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گوجرانوالہ میں پاکستان پیپلز پارٹی سٹی کے زیر اہتمام یوم مئی کے حوالے سے پیپلز سیکرٹریٹ حیدری روڈ سے جی ٹی روڈ گوندلانوالہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سٹی صدر پیپلز پارٹی میاں ودود حسن ڈار اور جنرل سیکرٹری سٹی خالد حسین باجوہ نے کی، آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین گوجرانوالہ کے زیراہتمام یوم مئی کے موقع پر ریلی نکالی گئی۔ مرکزی صدر حاجی افتخار ملک نے کہا کہ مزدور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس کے باوجود اسے محنت کا صلہ نہیں ملتا، مہنگائی کے تناسب سے مزدور کی تنخواہ بڑھانے کے اعلانات کر دیئے جاتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد کہیں نظر نہیں آتا۔ شیخوپورہ میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کی طرف سے تقریب کی صدارت مرکزی چیئرمین چودھری عبدالرحمن عاصی نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد، سی او میونسپل کمیٹی ملک محمد منشاء، حاجی قاسم حنیف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری پنجاب لیڈیز ہیلتھ ورکرز راحیلہ تبسم، اشرف اٹھوال، طارق مسیح، اسد الرحمن، شہناز اختر، سٹائلہ عابد، مسرت بشارت، شہناز اختر، عرفان سہوترا سمیت صنعتی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ریلی بھی نکالی گئی جو وارث شاہ آڈیٹوریم سے شروع ہوکر ہاکی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے بغیر حقیقی ترقی کا خواب کسی صورت بھی پورا نہیں ہوسکتا۔ شیخوپورہ کے علاوہ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔