اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر او ربرطانیہ کی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل (سی جی ایس) سرپیٹرک سینڈرز نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چھٹی پاکستان برطانیہ استحکام کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کیا، کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں نامزد نامزد دچیف آف جنرل سٹاف جنرل سررولنڈوالکر نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک یوکے استحکام کانفرنس دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی پر فلیگ شپ ڈائیلاگ ہے، جو پاکستان اور برطانیہ میں وقتا فوقتا منعقد ہوتے رہتے ہیں ،ان میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین جن میں سفارتکار، دفاعی حکام ،دانشور اور سول سوسائٹی کے نمائندے مل بیٹھ کر بہتری کیلئے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔موجودہ کانفرنس میں برطانیہ کا 30 رکنی وفد 29 اپریل سے 3مئی تک پاکستان کے دورے پر ہے جس کی قیادت سٹینڈنگ جوائنٹ فورس کمانڈر میجر جنرل ٹام بیٹ مین کررہے ہیں۔ کانفرنس کے دوران دونوں اطراف کے وفود عالمی اور علاقائی ماحول ، قومی سلامتی ،علاقائی امن اور استحکام پر اس کے اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس سال اس مباحثے کو دو طرفہ کی بجائے علاقائی مسائل تک وسعت دی گئی ہے اورخطے کے دونوں ممالک کے دفاعی حکام کانفرنس میں شریک ہیں۔ علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف نے سی جی ایس اور نامزد سی جی ایس برطانیہ سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ مفاد اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ چیف آف آرمی سٹاف نے سی جی ایس برطانیہ کا دوطرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لئے ان کی خدمات پر شکریہ اداکیا اور نامزد چیف آف جنرل سٹاف برطانیہ آرمی جنرل سررولنڈوالکر کو ان کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کی۔