فیلد ہسپتال پراجیکٹ کا افتتاح:لوگ جلاوگھیراو کی تلقین کرتے رہے،خدمت کیلئے حکومت آئے تو کنٹینرہسپتال بن جاتے ہیں۔مریم نواز


لاہور+بہاولپور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار+ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ پہلے مرحلے میں 32سے زائد چھوٹے بڑے فیلڈ ہسپتال فنکشنل کیے گئے۔ 21 لارج فیلڈ ہسپتال صوبے کے مختلف اضلاع میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے۔ مریم نوازشریف نے لارج فیلڈ ہسپتال کا معائنہ کیا۔ کنٹینر میں قائم موبائل ہیلتھ یونٹ میں ڈائگناسٹک پلان، ایکسرے روم اور الٹرا ساؤنڈ روم‘ فارمیسی، میڈیکل افسر اور وویمن میڈیکل افسر کے روم‘ سمال فیلڈ ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ مریم نواز شریف نے فیلڈ ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں، لیڈی ڈاکٹروں، لیب اسسٹنٹ اور دیگر عملے سے بات چیت کی۔  ڈاکٹروں اور عملے سے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ میں بہتری کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ مریم نوازشریف نے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کو معیاری علاج معالجے کیلئے انقلابی اقدام قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ادا کرتی ہوں کہ 6ہفتوں کے قلیل عرصے میں صحت کی سہولتیں لوگوں کی دہلیز پر پہنچا دی ہیں۔ الحمد للہ، جہاں کھڑی ہوں اس کے چاروں طرف فیلڈ ہسپتال ہیں۔ اتنے کم عرصے میں فیلڈ ہسپتالوں جیسا بڑا پراجیکٹ فنکشنل کرنا اللہ تعالیٰ کی مدد کے بغیر ناممکن تھا۔ محکمہ تعمیر و مواصلات ہسپتالوں اور بی ایچ یو کی ری ویمپنگ کر رہا ہے، شاباش دیتی ہوں۔ فیلڈ ہسپتال تمام بنیادی سہولتوں کے آراستہ ایک مکمل ہسپتال ہے۔ 32 فیلڈ ہسپتال پنجاب کے مختلف علاقوں میں پھیل جائیں گے۔ فیلڈ ہسپتال ان علاقوں کیلئے ہیں، جہاں کوئی بڑا ہسپتال یا اچھا کلینک موجود نہیں۔ فیلڈ ہسپتال دیہی علاقوں میں جاکر لوگوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔ فیلڈ ہسپتال کی فارمیسی ادویات سے بھری پڑی ہے۔ لائیو ڈیش بورڈ محکمہ صحت اور میرے پاس 24گھنٹے ہوگا۔ کنٹینر آج سے پہلے کسی اور چیز کیلئے استعمال ہوتے تھے۔ کنٹینر پر چڑھ کر کے لوگ جلاؤ، گھیراؤ، مارو اور مار دوکی تلقین کرتے رہے ہیں۔ خدمت کیلئے حکومت آئے تو کنٹینر ہسپتال بن جاتے ہیں۔ کنٹینر کا غلط استعمال کرنے والوں نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات بند کردی تھیں اور وہ سڑکوں پر آگئے تھے۔  ادویات کیلئے فنڈ بھی دو ارب سے 6 ارب بڑھا دیا گیا ہے۔ پنجاب کے 2500بیسک ہیلتھ یونٹ کی ری ویمپنگ جاری ہے، کچھ مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کررہے ہیں، غریبوں کی صحت کیلئے کوئی کمپرومائز نہیں کروں گی۔ پاکستان کی پہلی ایئر ایمبولینس شروع کرنے جارہے ہیں، ٹریننگ شروع ہوچکی ہے۔ ائیرایمبولینس پے بہت سے لوگوں نے اعتراض کیا، جیسے نوازشریف نے موٹر وے بنائی تو لوگوں نے طرح طرح کی باتیں کیں لیکن استعمال سب کرتے ہیں۔ ائیر ایمبولینس صرف اور صرف غریب شہریوں کیلئے ہے۔ انشاء اللہ پانچ سال کے اندر پنجاب کے ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنا کر جاؤں گی۔ اس ہسپتال میں کارڈیالوجی اورکینسر کا یونٹ بھی ہوگا۔ لاہور میں پہلا میڈیکل سٹی بنا رہے ہیں۔ سرگودھا کا دورہ کیا تو پتا چلا پورے سرگودھا میں ایک بھی کیتھ لیب نہیں، ہم ہر شہر میں ایک جدید کیتھ لیب دیں گے۔  ہیلتھ کارڈ نوازشریف نے بنایا جو کہ بہت ہی شاندار کام تھا۔ نوازشریف کے ساتھ ملکر ہیلتھ کارڈ پراجیکٹ پر کام کیا، کارڈ کے حوالے سے تب کوئی شکایت نہیں تھی، اب شکایات کے انبار لگے ہیں۔ 2018ء  میں صرف اپنوں کو نوازنے کیلئے ہیلتھ کا رڈ کو کرپشن کا گڑھ بنادیاگیا، ہیلتھ کارڈ کو اپ گریڈ کر کے ری لانچ کریں گے۔ پنجاب میں بڑے اور  جدید میڈیکل سٹوریج بنائیں گے۔ مریم نواز شریف سے گورنر خیبر پی کے حاجی غلام علی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں صوبوں کے مابین تعاون میں مزید اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف میں عوام کی خدمت کی لگن قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انشاء  اللہ پنجاب دیگر صوبوں کے لیے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔  دیگر اکائیوں سے ملکر  پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالیں گے۔ مریم نواز شریف نے عالمی یوم مزدور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم مزدور پر دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ محنت کش اللہ کے دوست ہیں، اللہ کے دوستوں کو سلام۔ دینِ اسلام نے کسب حلال کے لیے محنت کو عظمت کا درجہ اور محنت کش کی عزت کا شعور دیا۔ محنت کرکے خاندان کا سہارا بننے والی کارکن خواتین کو خصوصاً خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ دنیا کی ہر عمارت، ہر پل، ہر شاہراہ اور ہر پراجیکٹ میں مزدور کا خون پسینہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم محنت کشوں کے حقوق کا احترام کا عہدکرتے ہے۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ کے نواحی جھنگی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔مریم نواز شریف لاہور میں فیلڈ ہسپتال کے افتتاح کے بعد بہاولپور پہنچ گئیں۔ بہاولپور کے نواحی علاقے عباس نگر /چک نمبر6-BC کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک ہی دن میں لاہور کے بعد بہاولپور میں بھی فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے موبائل ہیلتھ یونٹ کا معائنہ کیا اور موبائل ہیلتھ یونٹ میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ مریم نواز شریف افتتاحی تقریب کے بعد موجود خواتین کے پاس پہنچ گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز خواتین کے ساتھ چارپائی پر بیٹھ گئیں۔ ایک معمر خاتون جویریہ بی بی کی اپیل پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اسے خود فیلڈ ہسپتال میں لے گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خود پاس کھڑے ہو کر ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ اور ای سی جی کرائی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خاتون کے بیٹے عثمان کو پاس بلا کر پیار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف ایک دیہاتی جمشید ارشد کی دعوت پر ان کے گھر گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کو اچانک اپنے سامنے دیکھ کر گھر کے مقیم خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے خواتین سے اپنا تعارف کرایا اور بے وقت تکلیف دینے پر رسمی معذرت کی۔ دیہی خواتین نے وزیراعلی مریم نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’تہاڈا آوناں ساڈے سر متھے تے، جم جم پے آوؤ‘‘۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے دیہی خواتین کی طرف سے کھانے کی دعوت قبو ل کرلی اور اہلخانہ کے ساتھ چارپائیوں پر بیٹھ کر کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سادا دیسی کھانے کی تعریف کی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گاؤں کے سادا دل لوگوں سے ملکر بہت خوشی ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن