موسمیاتی تبدیلی نے معیشت ، زرعی شعبے کیلئے خطرات پیدا کر دئیے:میاں کاشف  

May 02, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر )یوکے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا  موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کی معیشت اور زرعی شعبے کیلئے بہت بڑے خطرات پیدا کر دئیے  ۔ گزشتہ روز ’’موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز‘‘ کے موضوع پر سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران آنیوالے سیلابوں نے ہر طرف تباہی مچا ئی، اہم انفراسٹرکچر کو تباہ کیا اور زراعت کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

 موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اس کے جغرافیائی محل وقوع اور زراعت پر انحصار کی وجہ سے مزید بڑھ جاتے ہیں کیونکہ آبادی کے ایک بہت بڑے حصے کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے اور جی ڈی پی میں بھی اس کا حصہ بہت زیادہ ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب، خشک سالی اور گرمی کی لہروں جیسے شدید موسمی واقعات زیادہ تواتر سے رونما ہو رہے ہیں اور ان کی شدت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس سے زراعت کے شعبے کو درپیش چیلنجز شدید تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی فوری ضرورت پر زور دتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی لحاظ سے لچکدار بنیادی ڈھانچے، سیلاب سے بچائو، پانی کے سسٹم کے بہتر انتظام اور شدید موسمی واقعات سے لاحق خطرات کو کم کرنے کیلئے ان شعبوں میں سرمایہ کاری انتہائی ضروری ہے۔ 

مزیدخبریں