لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور غربی عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ ظلم کیخلاف احتجاج کسانوں کا جمہوری حق ہے۔ کسانوں کو فصل کی تیاری پر اپنے قرض اتارنے ہوتے ہیں۔ بچوں کی شادیاں اور اشیا ضروریا خریدنی ہوتی ہیں۔ حکومت کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ سرکاری نرخوں کے مطابق خریدے۔ ہم کسانوں کی گرفتاری اور چادر چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار کسانوں کو فوری رہا کیا جائے۔ جماعت اسلامی کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے۔کسی کو کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عبدالعزیز عابد کا کہنا تھاکہ ملک میں استحصالی طبقہ متحد، مزدور، کسان اور عوام تقسیم ہیں۔ منظم جدوجہد سے ہی عوام کوحقوق ملیں گے۔ ہمارے سامنے 2راستے ہیں۔ حالات کو قسمت سمجھ کر قبول کرلیں یا کرپٹ نظام کیخلاف مزاحمت کریں۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے مخصوص طبقے کو عیاشیاں نہیں کرنے دیں گے۔ حکمران ایک طرف قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں دوسری طرف کشکول اٹھایا ہوا ہے۔ فارم 47 کی بنیاد پر جعلی حکومت مسلط کردی گئی۔ پارٹیوں اور حکومتی عہدوں پر خاندان قابض ہیں۔