لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی گارمنٹس، ٹیکسٹائل، ڈیجیٹل پرنٹنگ مشینری کی نمائش ایگا ٹیکس پاکستان 2024 کا ایکسپو سینٹر لاہور میں آغاز ہو گیا۔ افتتاحی دن دنیا بھر سے صنعتی ماہرین، نمائش کنندگان اور سٹیک ہولڈرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور جدید مشینری کے ماڈلز میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں ریجنل چیئرمین ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز، جمہوریہ چیک کے سفیر لادسلاؤ ستئن ہیوبل، اٹلی کے ٹریڈ کمشنر ڈاکٹر سلواتور پرانودیگر نامور ماہرین نے خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں کا کہنا تھا کہ فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے ایگا ٹیکس نمائش کا انعقاد کرکے ایک شاندار اقدام اٹھایا ہے۔ فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او سلیم خان تنولی نے کہا ہم ٹیکسٹائل انڈسٹری میں جدت اور ترقی کیلئے صنعتی ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرکے ترقی اور تعاون کے لامحدود مواقع کو کھولنے کیلئے پر عزم ہیں۔
گزشتہ 22سال سے ایگا ٹیکس پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر جدید صنعتی نمائش میں اعلی معیارات کو کامیابی سے برقرار رکھا ہے۔ رواں سال کی نمائش نے سابقہ تمام ریکاڈز سے بڑھ کر دنیا بھر سے صنعتی ماہرین، نمائش کنندگان اور سٹیک ہولڈرز کی توجہ حاصل کی۔ فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیر اہتمام یہ نمائش 4 مئی تک جاری رہے گی۔