وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ہوئی، ڈونلڈ بلوم نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارکباد دی، امریکی سفیر نے عوام دوست منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کروانے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی قابل ستائش ہے، امریکہ غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے، ایگریکلچر، انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبہ میں امریکہ کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے، پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے، حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، عوام کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور سستی روٹی فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے، عوام کو بنیادی حقوق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ گزشتہ روز فیلڈ ہسپتال منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج میں اللہ پاک کا شکر ادا کرتی ہوں کہ 6 ہفتے کی قلیل مدت میں فیلڈ ہسپتالوں کا نواز شریف اور میں نے جو خواب دیکھا وہ پورا ہوا، یہ ایک ناممکن ٹاسک تھا جس کو 6 ہفتوں میں مکمل کیا گیا ہے، سیکرٹری ہیلتھ علی جان اور صوبائی وزراء نے 24 گھنٹے کام کر کے اس پروجیکٹ کو مکمل کیا، یہ فیلڈ ہسپتال میں وہ تمام سہولیات موجود ہیں جو ایک کلینک میں ہوتی ہیں، آج یہ تمام فیلڈ ہسپتال پورے پنجاب میں پھیل جائیں گے، گاؤں میں پہنچ کر اعلان ہوگا کہ ہسپتال موجود ہے اور گاؤں کے تمام لوگ اس سے علاج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کنٹینرز جلاؤ گھیراؤ اور بل پھاڑنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، اب اس میں فیلڈ ہسپتال بن رہے ہیں، پنجاب میں ہم دو ہفتوں میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کر رہے ہیں، ہماری ائیر ایمبولینس سروس بھی غریبوں کیلئے ہے، ادویات کی مفت فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے، نوازشریف نے ہیلتھ کارڈ بنایا اور کامیابی سے چلایا، ہم اب پاکستان کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال بھی بنانے جارہے ہیں۔